چاند کے پیچھے چُھپتے سیارہ زحل کے نایاب نظارے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
یہ ویڈیو امریکی فوٹو گرافر اینڈریو میک آرتھی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو میں یہ بھی بتایا ہے کہ یہ نایاب منظر امریکی ریاست ہوائی میں واقع آتش فشاں مونا کیہ کے اوپر چڑھ کر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا گیا ہے۔
اینڈریو میک آرتھی نے بتایا ہے کہ جب میں نے چاند کے پیچھے سیارہ زحل کو چھپتے ہوئے دیکھا تو میں نے یہ سرچ کیا کہ یہ منظر کس جگہ سے زیادہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے اور پھر میں نے اپنے کیمرے پیک کیے اور جہاز پر سفر شروع کر دیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں موناکیہ کے سب سے بلند مقام پر بادلوں سے بھی اوپر پہنچا اور اپنی ٹیلی اسکوپ کی مدد سے اس منظر کی ویڈیو بنائی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا جا رہا ہے اور قدرت کے ایسے نایاب اور خوبصورت منظر کی ویڈیو بنانے پر فوٹو گرافر کی ہمت کو داد بھی دی جا رہی ہے۔