کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلسل شکایات اور بد انتظامی کے واقعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو تبدیل کرکے ذمہ داری کسی کرکٹر کودینے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسلسل شکایات کے بعد پی سی بی انتظامیہ عثمان واہلہ سے ناراض تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں چیئرمین پی سی بی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میںحالیہ خرابیوں کا ذمہ دار عثمان واہلہ کو ٹھہرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق پچزکی ذمہ داری ڈائریکٹر انٹرنیشنل کی ہے، انہوں نے غیرذمہ داری کا ثبوت دیا۔ فزیو کلف ڈیکن، اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ ڈریکس سائمن کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائےگئے اور کہا گیا کہ یہ عرصہ دراز سے ٹیم کے ساتھ منسلک ہیں، فٹنس کا گراف گر رہا ہے،اس پرکوئی کام نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابقوہاب ریاض کے ساتھ سوشل میڈیا پر الجھنا عثمان واہلہ کو مہنگا پڑ گیا۔ اس سے قبل کنکشن میٹنگ میں فخر زمان نے بھی عثمان واہلہ کے رویے اور این او سی پرشکایت کی تھی۔