بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بہت سارے راستے اور لائحہ عمل موجود ہیں۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مایوسی کی فضاء ہے، میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام لے جانا چاہتا ہوں، میں سمجھتا ہوں اب بھی رہائی کے لیے بہت راستے موجود ہیں، پریشان نہیں ہونا چاہیے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ٹھوس اقدامات اور لائحہ عمل بنانا ضروری ہے، لسٹ ایک جیسی بنتی ہے، دوسرے لوگوں کو بھی ملاقات کا موقع دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مزاحمت اور مفاہمت کے راستے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، مفاہمت کا راستہ بھی نہیں چھوڑنا چاہیے، مزاحمت کا آپشن بھی کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ میں موسم اور وقت دیکھ کر فیصلہ کرنے والا آدمی ہوں، ماحول دیکھ کر چلتا ہوں، مجھے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی نظر آرہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کا پرسان حال جیل میں ہے، پیٹرول مہنگا ہونے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔