لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے موسمیاتی شعبے میں فعال طور پر کام کر نے والے اپنے سابق طلباء کو پاکستان بھر کے آب و ہوا اورموسم سے منسسلک نوجوانوں کے ساتھ جوڑنے کے لیے ایک نئی Chevening Mentorship سکیم کا آغاز کردیا۔ اس سکیم کے لئے مسابقتی عمل میں 400 درخواست دہندگان میں سے 23ابتدائی اور درمیانی کیریئر کے موسمیاتی شعبے کے پیشہ ور افراد کا انتخاب کیا گیا۔ اس سکیم کے تحت تین مہینوں کے دوران، 11مخصوص چیوننگ سابق طلبا جو آب و ہوا کے شعبہ کے ماہر ہیں ، ان 23 ابتدائی اور درمیانی کیریئر کے موسمیاتی شعبے کے پیشہ ور افراد کی رہنمائی کریں گے۔ برطانوی ہائی کمیشن میں ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئیر نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کو درپیش سب سے شدید چیلنجز میں سے ایک ہے۔ہمارے زبردست سابق طلباء مستقبل کے موسم کےبارے ان رہنماؤں کو وہ خیالات، علم اور ہنر فراہم کریں گے ۔پاکستان کی وفاقی وزارت آبی وسائل کے اعلی افسر سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید مجتبیٰ حسین نے کہاکہ مجھے اس ناقابل یقین پروگرام کا حصہ بننے پر فخر ہے۔