وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سندھ سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی خوشیاں مبارک ہوں۔
ایک بیان میں سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ امن و محبت کی دھرتی ہے، یہاں تمام مذاہب اپنی خوشیاں آزادی سے مناتے ہیں۔ دیوالی روشنیوں کے ساتھ خوشیوں کا تہوار ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنے ہندو بھائیوں کے ساتھ ہم خوشیوں کے تہوار میں برابر کے شریک ہیں، پیپلز پارٹی نے اقلیتی افراد کو حکومت اور دیگر انتظامی اداروں میں نمائندگی دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کو سندھ میں مساوی حقوق حاصل ہیں اور آئین پاکستان ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے، سندھ میں دو ہندو جنرل نشت پر کامیاب ہوئے اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی عیسائی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا سندھ حکومت نے تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے، ہم اقلیتوں کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہیں۔
انھوں نے اس موقع پر ہندو برادری کےلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔