لندن (سعید نیازی) برطانیہ بھر میں 50سے زائد ایسے ڈرائیورز ہیں جن کے لائسنس پر ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں کے سبب کم از کم 30پنالٹی پوائنٹس ہونے کے باوجود انہیں ڈرائیونگ کرنے کی اجازت ہے۔ ایک نئی رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ تین مرد ڈرائیورز کے لائسنس پر ایک سو سے زائد پوائنٹس لگ چکے ہیں، ایک 26سالہ شخص کے لائسنس پر 176پنالٹی پوائنٹس موجود ہیں، جبکہ ایک 50سالہ خاتون بھی 96پنالٹی پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔ اور تقریباً 53ڈرائیورز کے لائسنس پر کم از کم 30پوائنٹس ہیں۔ لائسنس پر پوائنٹس سڑکوں پر قواعد کی مختلف خلاف ورزیوں کے سبب لگتے ہیں جن میں لاپرواہی سے ڈرائیونگ پر تین سے نو پوائنٹس، ڈرنک ڈرائیونگ پر تین سے گیارہ اور تیز رفتاری پر تین سے چھ پوائنٹس لگتے ہیں۔ تین سال کی مدت میں لائسنس پر 12پوائنٹس لگنے کی صورت میں ڈرائیوروں پر عام طور پر چھ ماہ کی پابندی عائد کردی جاتی ہے۔ تاہم اگر وہ عدالت کو قائل کرلیں گے پابندی سے ان کیلئے کام کے حوالے سے یا خاندان کی دیکھ بھال کے حوالے سے غیر معمولی مشکلات پیدا ہوں گی تو انہیں پابندی سے استثنیٰ مل جاتا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق کم از کم 12پوائنٹس والے 10,056ڈرائیوروں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہے۔ روڈ سیفٹی چیرٹی آئی ایم روڈ اسمارٹ کے ڈائریکٹر آف پالیسی اینڈ اسٹینڈرڈ نکوپس لائز نے کہا ہے کہ مسلسل قانون توڑنے والے ڈرائیوروں کے حوالے سے غیر معمولی مشکلات کی تعریف پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ کیونکہ کچھ افراد بغیر کسی خوف کے قانون کو توڑ رہے ہیں اور ایسے ڈرائیورز جن کے لائسنس پر کم از کم 12پوائنٹس ہیں، انہیں اضافی تربیت کورس میں شرکت کرنا چاہئے خواہ انہیں عدالت سے ڈرائیونگ جاری رکھنے کی اجازت بھی مل چکی ہو۔ واضح رہے کہ کسی جرم کے ارتکاب کے بعد 11برس تک پوائنٹس لائسنس پر رہتے ہیں۔