نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ممبئی میں حال ہی قتل کیے گئے رہنما بابا صدیق کے صاحبزادے ذیشان صدیقی نے بالی ووڈ سپر اسٹارز کے ساتھ تعلقات کی نوعیت بتادی۔
بابا صدیق کو 66 سال کی عمر میں 12 اکتوبر 2024ء کو ممبئی میں قتل کیا گیا، وہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار سلمان خان کے بچپن کے دوست تھے۔
بابا صدیقی کے قتل کے بعد پہلے انٹرویو میں ذیشان صدیقی نے بالی ووڈ سپر اسٹار سے تعلقات پر گفتگو کی اور کہا کہ شاہ رخ خان والد صاحب کے دوست تھے جبکہ سلمان خان فیملی دوست سے بڑھ کر ہیں۔
بھارتی سیاستدان کے قتل کے بعد بالی ووڈ اسٹار خاص طور پر سلمان خان اور شاہ رخ خان فوکس میں آگئے ہیں، اس مناسب سے ہونے والی گفتگو میں ذیشان صدیقی نے متعدد بالی ووڈ شخصیات سے تعلق پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ سلمان خان فیملی دوست سے بڑھ کر ہیں، وہ تو خاندان کا حصہ ہیں، وہ والد صاحب کے بچپن کے قریبی دوست ہیں، میرے لیے وہ چاچا کی طرح ہیں۔
ذیشان صدیقی نے مزید کہا کہ بابا کے قتل کے بعد سلمان خان دن میں ایک یا دو بار ہم سے بات کرتے اور وہ خاندان کی خبر گیری رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سلمان خان کو بھائی صرف ان کی شخصیت کے اثر کی وجہ سے کہتا ہوں، یہی وجہ ہے کہ مجھے انہیں چاچا کہنا عجیب لگتا ہے لیکن میں انہیں عزت چاچا جیسی ہی دیتا ہوں۔
بابا صدیقی کے صاحبزادے نے یہ بھی کہا کہ شاہ رخ خان ہمارے فیملی فرینڈ ہیں، وہ بابا کے بھی اچھے دوست رہے ہیں۔
کون سا بالی ووڈ اسٹار آپ کی سیاسی مہم چلاسکتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں ذیشان صدیقی نے وضاحت کی کہ میرے والد نے ہمیشہ ذاتی اور سیاسی زندگی کو الگ ہی رکھا، اپنی حیات میں کبھی اسے مکس نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر بالی ووڈ شخصیات سیاست سے دور رہتی ہیں، میں کسی کو اس نوعیت کی تکلیف نہیں دینا چاہوں گا، لیکن اگر کوئی سیاسی مہم کا حصہ بننا چاہیے گا تو وہ اس کا حق ہے۔