• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں کی حفاظت ذمہ داری ہے، نشانہ بناکر ہلاک کرنا جنگی جرم ہے، رہنما یورپین یونین

برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین یونین نے کہاہے کہ صحافیوں کو نشانہ بنا کر ہلاک کرنا ایک جنگی جرم ہےجب کہ تنازعات کے باوجود ان کی حفاظت کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار یورپین یونین کے رہنماؤں نے 2نومبر کو دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف جرائم کیلئے استثنیٰ کے خاتمے کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے جاری بیانات میں کیا۔ یورپین کمیشن اور یورپین وزارت خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا کہ ’’ صحافیوں کے خلاف جرائم کے لیے استثنیٰ کے خاتمے کے اس بین الاقوامی دن کے موقع پر ہم صف اول کے رپورٹرز کو سراہتے ہیں اور دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے تمام صحافیوں کے لیے مکمل تحقیقات اور جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کے مطابق صرف غزہ میں 180سے زیادہ صحافی ہلاک ہوئے ہیں. جنگوں میں اتنے صحافی پہلے کبھی نہیں مارے گئے۔ انہوں نےکہاکہ یورپی یونین صحافیوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔ جان بوجھ کر انہیں نشانہ بنانا جنگی جرم ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ صحافی زمین پر ہماری آنکھ اور کان ہیں۔ ان کی حفاظت ایک قانونی ذمہ داری، اخلاقی فرض اور اعتبار کا معاملہ ہے۔
یورپ سے سے مزید