حنادی ندیم امریکا کے عام انتخابات میں نیواڈا سے ریاستی اسمبلی کی رکن بننے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
پاکستانی نژاد امریکن حنادی ندیم نے یہ الیکشن ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر لڑا۔ صدارتی الیکشن میں پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں سے ایک سمجھی جانیوالی اس ریاست کی اسمبلی نشست کیلئے انکا مقابلہ ری پبلکن حریف برینڈن ڈیوس سے تھا۔
ڈسٹرکٹ چونتیس کی نمائندگی جیتنے کیلئے ہوئے انتخابات میں انہیں 15 ہزار 617 ووٹ ملے جو کہ 52 اعشاریہ 9 فیصد ہیں۔ سخت مقابلے میں ان کے حریف برینڈن ڈیوس 13 ہزار 904 ووٹ لے پائے جوکہ تقریباً 47 اعشاریہ ایک فیصد ہیں۔
نیواڈا کے اس ڈسٹرکٹ میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کی بنیادی وجوہات میں سے ایک یہ بھی تھی کہ یہ نشست الیکشن سے پہلے ہی خالی ہوگئی تھی۔
قسمت کی دیوی حنادی ندیم پر پہلے ہی سے مہربان تھی کیونکہ ڈیموکریٹک پارٹی کا کوئی بھی شخص یہ ٹکٹ لینے کے لیے ان کے مقابلے میں اترا ہی نہیں تھا۔ وہ پارٹی کی بلامقابلہ امیدوار بنیں جس کی وجہ سے پوری پارٹی نے انکا بھرپور ساتھ دیا۔
حنادی ندیم انٹریپرینئیور (کاروباری شخصیت) ہیں اور ہیلتھ کئیر کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ وہ مشہور فلاحی تنظیم اپنا الائنس سے بھی وابستہ رہی ہیں اور پاکستان اور امریکا دونوں میں خواتین اور بچوں کیلئے ہیلتھ کئیر سے متعلق سماجی خدمات کرتی رہی ہیں۔
حنادی ندیم کا تعلق پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد سے ہے۔ شوہر سمیت انکے گھرانے کے کئی افراد فزیشنز ہیں۔ اسی لیے وہ تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دیتی رہی ہیں۔
جنگ سے بات کرتے ہوئے حنادی ندیم نے کہا کہ وہ گن وائلنس روکنے، پبلک سیفٹی، ہاؤسنگ اور رینٹل مسائل حل کرنے، ملازمتیں پیدا کرنے، معیشت کی بہتری، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، تولیدی حقوق، تعلیم اور ہیلتھ کئیر کیلئے خدمات انجام دینے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔