• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ بانی پی ٹی آئی کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا، شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ" میں بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ دو، تین لاکھ پاکستانی کسی بھی علاقے سے نکل آئیں تو کافی ہیں، دوسرے علاقوں کی دیکھا دیکھی، پنجاب سے بھی لوگ نکلیں گے۔ اگر حتمی احتجاج میں ہم ناکام ہوئے تو چھ ماہ تک دوبارہ مومنٹم نہیں بن سکے گا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے دینا عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، عدالتی فیصلوں کے باوجود آج پھر جیل میں دفعہ 144 کا جواز بنایا گیا، اس کا نفاذ جیل کے اندر ہو ہی نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سے نرمی کی توقع نہیں ہے، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو حبس بے جا میں رکھا گیا، پہلے لوگوں کو تھانے، کچہری، ایف آئی آر سے ڈر لگتا تھا اب خوف دور ہوگیا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم ڈر جائیں تو یہ کامیاب، ہم نہ ڈریں اور بڑی تعداد میں نکل آئے تو یہ خود ڈر جائیں گے، اب پی ٹی آئی کے ورکرز اور عوام کے ذہن میں بٹھانا ہے کہ یہ احتجاج حتمی ہے۔

 پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لوگوں کے ذہن میں ہونا چاہیے اگر نکلنا ہے تو پھر گرفتاری بھی ہے آنسوگیس کی شیلنگ بھی ہوگی، دو تین لاکھ افراد کسی بھی علاقے میں نکل آئیں تو بہت ہیں، تین لاکھ بنگلا دیشی شہری نکلے اور وہاں کی پوری حکومت کو تہس نہس کردیا۔

قومی خبریں سے مزید