کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا آڈیو سسٹم مسجد الحرام میں نصب ہے، جو 8 ہزار اسپیکرز سے لیس ایک جدید ترین ساؤنڈ سسٹم ہے۔
اس ساؤنڈ سسٹم کی چند اہم اور توجہ طلب خصوصیات سے بہت کم افراد واقف ہوں گے۔
دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس عبادت گاہ مسجد الحرام میں نصب اس جدید آڈیو سسٹم کے لیے 100 سے زائد مائیکرو فونز استعمال ہوئے ہیں جبکہ 8000 لاؤڈ اسپیکرز کا جال مسجد الحرام کے اندر، صحن، راہداریوں اور آس پاس کی گلیوں میں پھیلا ہوا ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی جنرل پریزیڈنسی کے آپریشنز اور مینٹینس کے ڈائریکٹر محسن بن عبدالمحسن السلمی کے مطابق مسجد الحرام میں استعمال ہونے والا آڈیو سسٹم دنیا میں استعمال ہونے والے سب سے بڑے ساؤنڈ سسٹمز میں سے ایک ہے۔
ان کے مطابق اس ساؤنڈ سسٹم کو خاص اذان دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ مسجد، صحن اور یہاں تک کہ آس پاس کی سڑکوں پر بھی اذان کو واضح طور پر سنا جا سکے۔
مسجد الحرام میں 650 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط اس ساؤنڈ سسٹم کی دیکھ بھال 120 سے زائد تکنیکی انجینئرز کرتے ہیں، جن کا تعلق دنیا بھر کے مختلف ممالک سے ہے۔
آڈیو ماہرین کی یہ ٹیم اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ مائیکرو فونز، لاؤڈ اسپیکرز اور ٹرانسمیشن سسٹم درست طریقے سے کام کرتے رہیں تاکہ ہائی فیڈیلیٹی آواز کو نشر کیا جا سکے۔
ابتداً اس کے آڈیو سسٹم کو کنٹرول کرنے کے لیے 2 کنڑول رومز کام کرتے تھے تاہم اب 6 کنڑول رومز کام کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں مرکزی ساؤنڈ سسٹم کی خرابی کی صورت میں 1 بیک اپ ساؤنڈ سسٹم ہر وقت تیار رہتا ہے تاکہ نمازی بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی نماز مکمل کر سکیں۔
خیال رہے کہ مسجد الحرام جسے گرینڈ مسجد بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی سب سے بڑی مسجد ہے اور اس کی توسیع کا کام اب بھی جاری ہے۔