جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی خطرناک انجری کا شکار ہوتے ہوتے بال بال بچ گئے۔
ابوظبی شیخ زید اسٹیڈیم میں ٹی ٹین لیگ کے ایک میچ کے دوران فاف ڈوپلیسی کو انجانے میں ریسلنگ کے حملے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
میچ کے دوران گیند کو باؤنڈری لائن پار کرنے سے روکنے کے لیے فاف ڈوپلیسی کافی دور سے بھاگتے ہوئے آئے اور اپنی رفتار کنٹرول نہ کر سکے۔
اس دوران باؤنڈری لائن کے باہر کھڑے بال پکر لڑکے نے گیند کو پکڑنے کی کوشش کی اور عین اسی وقت اپنی دوڑ پر کنٹرول نہ رکھنے والے فاف ڈوپلیسی لڑکے سے ٹکرا گئے۔
یہ ٹکر انجانے میں ریسلنگ کے حملے کے منظر جیسی نظر آئی جس میں پہلوان ایک دوسرے کو رِنگ سے نیچے پھینکنے کے لیے اکثر ایسا کرتے ہیں۔
حادثے میں جنوبی افریقی کرکٹر بری طریقے سے گرے تاہم خوش قسمتی سے انہیں کوئی انجری نہیں ہوئی۔
اس ٹکر کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔