وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی آج اچھے بچوں کی طرح خاموش ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو جو جھانسی کی رانی بن رہی تھیں آج منہ چھپائی کر رہی ہیں، بشریٰ بیگم اپنی بہن اور ترجمان کے ذریعے ساری پارٹی کو چارج شیٹ کرنے کے بعد آج خود چپ ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 اور 26 نومبر کو جوشیلے خطاب کرنے والی بشریٰ بی بی آج اپنا انقلابی بھاشن پشاور چھوڑ آئیں، 26 نومبر کو جو ڈی چوک فتح کرنے آئی تھیں آج صحافیوں کے سوالوں پر ایک لفظ نہیں بول سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بشریٰ بی بی میڈیا کو بتاتیں ڈی چوک سے بھاگنے کا پلان ان کا تھا یا گنڈاپور کا تھا؟ آج قوم کو بتاتیں ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی؟
ن لیگی رہنما نے کہا کہ بے چاری نے پہلا انقلاب لیڈ کیا وہ بھی گلے پڑ گیا، بشریٰ بی بی کی غیر سیاسی سوچ اور غیر سیاسی فیصلوں نے ان کی پارٹی کو تقسیم کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ’انقلاب فروم ہوم‘ مہینے میں ایک بار انگڑائی لیتا ہے، جیسے ہی ریاست اپنی رٹ قائم کرتی ہے انقلاب دم دبا کر بھاگ جاتا ہے۔