پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے 20 سال قبل ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر سے ہونے والی اپنی ملاقات کا احوال سنا دیا۔
نادیہ افگن نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے خلیل الرحمٰن قمر سے ہونے والی اپنی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اکثر اپنے انٹرویوز میں یہ کہتی ہوں کہ میں کبھی خلیل صاحب کے ساتھ کام نہیں کروں گی اس کی وجہ یہ ہے مجھے لگتا ہے کہ وہ اچھے انسان نہیں ہیں، وہ کبھی کسی کے بارے میں کوئی اچھی بات نہیں کرتے اور انہیں ہر ایک سے کوئی نہ کوئی مسئلہ رہتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میری خلیل صاحب سے پہلی ملاقات آج سے کوئی 20 یا 25 سال پہلے ایک پروڈکشن ہاؤس میں ہوئی تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ خلیل صاحب پروڈکشن ہاؤس کے ویٹنگ روم میں صوفے پر پاؤں رکھ کر بیٹھے سگریٹ پی رہے تھے، میں وہاں ثمینہ آپا سے ملنے گئی تھی وہ مصروف تھیں تو میں ویٹنگ روم میں چلی گئی اور کمرے میں داخل ہوتے ہی سلام کیا۔
نادیہ افگن نے کہا کہ میں نے ویٹنگ روم میں داخل ہو کر سلام کیا تو خلیل صاحب نے مجھے اوپر سے نیچے تک عجیب نظروں سے گھورا اور پھر سلام کا جواب دیے بغیر مجھ سے پوچھا کہ کون ہو تم لڑکی؟ کیا تم اداکارہ ہو؟
اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے ان کا یہ انداز بالکل پسند نہیں آیا اور میں نے دل میں سوچا کہ کوئی انسان اتنی بدتمیزی سے کیسے بات کر سکتا ہے؟
اداکارہ نے کہا کہ میں اس وقت خلیل صاحب کو نہیں جانتی تھی اس لیے انتظار ختم ہونے کے بعد جب میری ثمینہ آپا کے ساتھ ملاقات ہوئی تو میں نے پوچھا کہ ویٹنگ روم میں جو آدمی موجود ہے وہ کون ہے؟
اُنہوں نے بتایا کہ جب مجھے یہ پتہ چلا کہ خلیل صاحب ایک مشہور مصنف ہیں تو میں حیران رہ گئی کہ ایسا انسان مشہور مصنف کیسے بن سکتا ہے اور ان سے ہونے والی وہ ملاقات میرے ذہن میں ہمیشہ کے لیے سما گئی۔