• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل سمیر کی زندگی کا غمگین لمحہ کونسا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ماڈل و اداکار سہیل سمیر نے اپنی زندگی کے سب سے غمگین لمحے سے پردہ اُٹھا دیا۔

حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں اداکار نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دورانِ پروگرام میزبان نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ کی زندگی کا سب سے غمگین لمحہ کون سا ہے؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ میں ایک فیشن شو میں ڈیزائنر کے لیے ریمپ پر واک کرنے کے لیے بالکل تیار تھا کہ اچانک مجھے فون آیا کہ میری والدہ کو برین ہیمرج ہو گیا ہے۔

سہیل سمیر نے بتایا کہ اس واک کے مجھے پیسے ملنے تھے، پانچ سے دس سیکنڈ کی ریمپ واک ہوتی ہے، مجھے 2 سیکنڈ میں فیصلہ لینا تھا کہ میں شو چھوڑ دوں یا واک کرکے پیسے لوں۔ 

انہوں نے بتایا کہ میں نے وہ واک کی اور واک کرنے کے بعد ڈیزائنر کو بتایا کہ مجھے فوری جانا ہے والدہ کو برین ہیمرج ہوگیا ہے، ڈیزائنر نے کہا کہ پہلے کیوں نہیں بتایا، میں نے کہا کہ میں محنت کرکے پیسے لینا چاہ رہا تھا، چاہ رہا تھا جو پیسے لینے ہیں وہ ترس کھا کر نہ لوں۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ جب میں اسپتال پہنچا تو والدہ کومہ میں چلی گئیں تھی، میں نے اپنی والدہ سے بات کی اور اسپتال میں ان سے پوچھا کہ کیا وہ مجھ سے مطمئن ہیں۔ میرے سوال پر انہوں نے میرا ہاتھ واپس دبایا، یہ میری زندگی کی سب سے قیمتی یاد ہے۔

سہیل سمیر نے کہا کہ اس کے بعد والدہ 15 دن تک حیات رہیں، چاہتا تھا جتنا وقت مجھے ملا ہے وہ والدہ کی خدمت میں گزار دوں، میں اپنی ماں کے ساتھ اسپتال میں رہا اور پھر ان کا انتقال ہوگیا۔ یہ میری زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ والدہ کبھی میرے ساتھ تو کبھی میرے بھائی کے ساتھ رہتی تھیں، بھائی اوپر والی منزل پر رہتا ہے، میں نے والدہ کی جتنی خدمت کی وہ ایک طرف لیکن میرا بھائی جس طرح والدہ کو اپنی پیٹ پر اُٹھا کر اوپر والی منزل پر لیجاتا تھا وہ ایک طرف، میں اس معاملے میں کبھی اپنے بھائی سے جیت نہیں سکا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید