وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ ڈائیلاگ سے ہی مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے امن و استحکام ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے وفود کا پاکستان کا دورہ کرنا خوش آئند ہے، بین المذاہب ہم آہنگی سے بہترین معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، پاکستان کی ثقافت اور تہذیب ہماری پہچان ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی ثقافت اور ورثے کی تاریخ صدیوں پرانی ہے، دنیا بھر میں امن کے لیے ثقافت کے ذریعے پیغام دینا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، بہت سی چیزیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خوبصورت اور پُرامن ملک ہے، تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں، ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ان تاریخی مقامات سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔