پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو ہم تیار ہیں۔
’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی اور امن و امان کی صورتِ حال پر جرگہ بلانے پر غور کر رہے ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ جرگے میں احتجاج سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جرگے میں اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کو بلایا جائے گا۔
اس سے قبل نمائندہ ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے آج سے سول نافرمانی کی تحریک شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سول نافرمانی تحریک بالکل شروع ہو جاتی اگر مذاکراتی کمیٹی نہ بنتی۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے بانئ پی ٹی آئی کو درخواست کی کہ پہلے مذاکرات کا موقع دیا جائے، بد قسمتی سے حکومت کا رویہ انتہائی بچگانہ ہے، حکومت شاید سمجھ رہی ہے کہ پی ٹی آئی کمزور پڑ گئی ہے، اس لیے مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ چاہتے ہیں کہ ملک مزید مشکل میں نہ ہو لیکن حکومتی رویے نے مایوس کر دیا، مذاکرات کی وجہ سے سول نافرمانی کی تحریک کی تاریخ فائنل نہیں ہوئی تھی۔