کراچی (نیوز ڈیسک) وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت اجلاس میں وزیرمملکت نے ڈیجیٹل نیشنل بل پیش کیا، جس کے بعد اسمبلی اجلاس کو صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔بل کے تحت 17 رکنی نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس کے سربراہ وزیر اعظم ہوں گے جبکہ چاروں وزرائے اعلیٰ کمیشن کے ممبرز ہوں گے۔ وزیر برائے آئی ٹی کمیشن کے وائس چیئرمین ہوں گے جبکہ کمیشن میں 5 وفاقی وزرا، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نادرا، چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین ایس ای سی پی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ گورنر اسٹیٹ بینک کمیشن کے ممبر ہوں گے۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن کمیشن کے سیکرٹری ہوں گے۔ وزرائے اعلیٰ کی عدم موجودگی میں متعلقہ صوبے کا چیف سیکرٹری ممبر ہوگا جبکہ کمیشن میں مزید ارکان بھی شامل کیے جاسکیں گے۔ بل کے مسودے کے مطابق کمیشن کا اجلاس ہر تین ماہ بعد لازمی ہوگا، جس میں تین چوتھائی ارکان کا کورم ضروری ہوگا، کمیشن نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کی منظوری دینے عمل درآمد کرانے اور اتھارٹی کے امور سے متعلق حکمت عملی کی پالیسی دے گا۔ بل کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ڈیجیٹل اتھارٹی تین ممبران پر مشتمل ہوگی، اتھارٹی کے ممبران کی منظوری وزیر اعظم دیں گے۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل کے تحت 9 ارکان پر مشتمل نگران کمیٹی بنائی جائے گی، بل کے تحت قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان اور ڈیجیٹل نیشنل فنڈ قائم کیا جائے گا۔