پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملٹری کورٹ کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے، اپیلیں انفرادی طور پر بھی دائر کی جائیں گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کو چاہیے کہ ملٹری ٹرائل سے متعلق کیس کا جلد فیصلہ کرے، مطالبہ ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
خیال رہے کہ سانحۂ 9 مئی میں ملوث مزید مجرمان کو سزائیں سنا دی گئیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سانحۂ 9 مئی میں ملوث مزید 60 مجرمان کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزائیں سنائی گئی ہیں۔
جناح ہاؤس حملے میں ملوث حسان خان نیازی ولد حفیظ اللّٰہ نیازی کو 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث میاں عباد فاروق ولد امانت علی کو 2 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
جناح ہاؤس حملے میں ملوث رئیس احمد ولد شفیع اللّٰہ کو 6 سال قید جبکہ ارزم جنید ولد جنید رزاق کو 6 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔