وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ہفتے کے اندر انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں سوال کیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے لیے ویزا کی جانچ پڑتال اور دیگر قواعد و ضوابط کو مؤثر بنایا جائے، حکومت پاکستان ملک سے انسانی اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
اعلامیے کے مطابق یونان کے قریب تارکین وطن کے کشتی حادثے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، مشتاق سکھیرا کی سربراہی میں کمیٹی وزیراعظم کو جامع رپورٹ پیش کرے گی، وزیراعظم نے ایک ہفتے کے اندر انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی شناخت اور ان کے جسد خاکی کی واپسی کی بھی بریفنگ دی گئی۔