اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں سرحد پار اور ماورائے عدالت ہلاکتوں پر گہری تشویش ظاہر کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں پاک فوج کے داخلے کی رپورٹس کو بھی مسترد کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کابل سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے ، گوادر کی بندرگاہ غیر ملکی حکومتوں اور افواج کے لیے نہیں بلکہ پاکستانی عوام کے لیے ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ بھارت ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں ہے بلکہ بھارت کا ماورائے سرحد ہلاکتوں اور اغوا کا نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل گیا ہے۔