کراچی(اسٹاف رپورٹر)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے وفد کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سینیٹر وقار مہدی سے اہم ملاقات کی، اس موقع پر علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ کراچی بھر میں پارا چنار کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنوں میں انتظامیہ کی جانب سے بے گناہ عالم دین اور نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جس میں کچھ بچے 18 سال سے کم عمر اور کچھ بچے معذور ہیں اس واقعے سے ملت جعفریہ میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان بچوں کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچائیں جنہیں صرف گنتی پوری کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے جبکہ ملیر 15 میں پولیس فائرنگ سے دو نوجوان شبیہ حیدر اور علی رضا شہید ہو گئے ان کے ورثاء انصاف کے منتظر ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ جلد شہدا کی فیملیوں کو انصاف ملے گا ،اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ ہم قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں سے آج ملک بھر میں اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم ہے، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے یقین دہانی کروائی کہ ہم اپ کی تمام باتوں کو پارٹی قیادت اور اعلی حکام تک پہنچائیں گے اور کسی کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔