پاکستان سرمایہ کاری بورڈ کے مشیر سید فیروز عالم شاہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ناصرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
سید فیروز عالم شاہ نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں معیشت کو سنبھالا دیا اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے استحکام کی بنیاد رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسیاں پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر لے جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت نے معاشی ترقی کے لیے ٹھوس اصلاحات نافذ کی ہیں، جن میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے منصوبے، انفرhاسٹرکچر کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں، ان پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت نتائج کی توقع ہے۔
سید فیروز عالم شاہ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹیکس اصلاحات، شفافیت اور کاروباری آسانی کے لیے کیے گئے اقدامات غیر معمولی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی معاشی پالیسیاں ناصرف موجودہ مسائل کا حل ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط معیشت کی بنیاد رکھ رہی ہیں۔
اجلاس میں مختلف سرمایہ کاروں نے بھی حکومت کی پالیسیوں کی تعریف کی اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا۔