• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے: اثاثے 100 کروڑ روپے سے بھی زائد ہونے کا امکان

کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست تلنگانہ میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر موڈ کشن کے خلاف ذرائع آمدن سے کہیں زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضبط شدہ جائیدادوں کی سرکاری دستاویزی مالیت 12.72 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے تاہم تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو اس سے کہیں زیادہ ہے۔ 

اے سی بی کے ایک افسر کے مطابق موڈ کشن کے اثاثوں کی مجموعی مارکیٹ قیمت 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر سکتی ہے، ان کے نام صرف 31 ایکڑ زرعی زمین کی قیمت ہی تقریباً 62 کروڑ روپے ہے۔

بھارتی میڈیا پر اس معاملے کو بطور تاریخی اسکینڈل پیش کیا جا رہا ہے کیونکہ موڈ کشن جیسے عہدے کے افسر کی ماہانہ تنخواہ تقریباً ایک لاکھ سے ایک لاکھ 25 ہزار روپے کے درمیان ہوتی ہے۔ 

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اے سی بی نے موڈ کشن کے گھر اور ان کے قریبی افراد سے منسلک 11 دیگر مقامات پر چھاپے مارے ہیں جہاں سے قیمتی اور کمرشل اثاثوں کی بڑی تعداد برآمد ہوئی ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ موڈ کشن کی ایک انٹرنیشنل ہوٹل میں 50 فیصد شراکت داری ہے جبکہ ان کے اثاثوں میں 3 ہزار اسکوائر گز پر مشتمل ایک قیمتی فرنیچر شو روم بھی شامل ہے۔

موڈ کشن کے اثاثوں میں31 ایکڑ زرعی اور 10 ایکڑ کمرشل زمین بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ موڈ کشن کی ملکیت میں 1.37 کروڑ روپے بینک میں محفوظ رقم، ایک کلوگرام سے زائد سونے کے زیورات، لگژری گاڑیاں بھی شامل ہیں جنہیں ضبط کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سرکاری ملازمت کے دوران ہوٹل اور شو روم جیسے کاروبار کھڑا کرنا قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ 

موڈ کشن کے خلاف انسداد بدعنوانی کے تحت کئی مقدمات درج کیے گئے ہیں جو ناجائز دولت جمع کرنے اور مجرمانہ بدعنوانی سے متعلق ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید