کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام 31 جنوری کو مکمل ہوجائے گا اور اسٹیڈیم پانچ فروری کو پی سی بی کے حوالے کردیا جائے گا ۔ کراچی میں 12فروری کو سہ فریقی سیریز کا گروپ میچ اور14فروری کو فائنل کھیلا جائے گا۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کے منیجر ارشد خان اور پراجیکٹ منیجر بلال چوہان کے مطابق ڈریسنگ روم تیار ہیں اور نئی بلڈنگ میں تمام فرنیچر اور دیگر چیزیں نئی ہوں گی۔ پی سی بی کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کی بھی حالت بدلنے لگی ہے، نئی بلڈنگ کا کام آخری مرحلے میں ہے۔ پرانے30 کارپوریٹ باکسسز کے علاوہ نئی بلڈنگ میں24 نئی ہاسپیٹیلیٹی باکسسز تیار ہوچکے ہیں۔ دو انکلوژرز کے اوپر ڈیجیٹل اسکرین لگائی جائے گی۔ جنرل انکلوژرز میں فولڈنگ چیئر لگائی جاری ہیں۔