سوشل میڈیا پیجز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں لذیذ کھانوں کے درمیان ایک موٹے تازے چوہے کو دھڑلے سے دعوت اڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے مطابق نظر آنے والا کھانا کسی بند کچن کے بجائے شیشیے سے بنے کیبنٹ میں عوامی مقام پر ہی رکھا ہوا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوہا اپنی مرضی سے گھوم پھر رہا ہے اور تحمل سے پاک غذا کو ناپاک اور جراثیم سے بھری بنا رہا ہے۔
ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے والے شخص کی آواز بھی سنی جا سکتی ہے جس میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ دکان صوبۂ پنجاب کے شہر مری کی ہے جہاں سیاحوں کو مضرِ صحت کھانا کھلایا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں اردو میں لکھا ہوا بورڈ بھی دیکھا جا سکتا ہے جس پر عوام کی جانب سے ناشتے میں مزے لے لے کر کھانے والی مرغن غذاؤں کے نام لکھے ہوئے ہیں۔