• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی بولر جسپریت بمراہ آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر قرار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے آئی سی سی کے سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ برائے مینز کرکٹر آف دی ایئر 2024 جیت لیا۔ بمراہ نے مختلف فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کی بدولت یہ اعزاز حاصل کیا۔

دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ، انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو سخت مقابلے میں پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان سے قبل راہول ڈریوڈ (2004)، سچن ٹنڈولکر (2010)، روی چندرن ایشون (2016) اور ویرات کوہلی (2017 اور 2018) یہ اعزاز جیت چکے ہیں۔

بمراہ نے اس سال مختلف فارمیٹس میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو اہم فتوحات دلائیں، جن میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی ٹرافی بھی شامل ہے۔ 

دائیں ہاتھ کے اس تیز گیند باز نے ورلڈ کپ کے 8 میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں، جن میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنسنی خیز فائنل میں 2 اہم وکٹیں بھی شامل ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بمراہ کےلیے 2024 شاندار رہا، انہوں نے 2024 میں 13 میچز میں 71 وکٹیں حاصل کیں، جو اس سال کسی بھی بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

وہ ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بھارتی فاسٹ باؤلر کے طور پر کپل دیو کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا، ’مختلف فارمیٹس میں بمراہ کی 2024 کی کارکردگی مہارت، درستی اور مسلسل عمدگی کا ایک شاہکار تھی۔ انہوں نے ایک کے بعد ایک ریکارڈ توڑتے ہوئے دنیا کے بہترین فاسٹ بولر کے طور پر اپنی جگہ مستحکم کی۔‘

بمراہ نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک بولر کے طور پر سب سے تیز 200 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا اور یہ سنگ میل انہوں نے 20 سے کم کی اوسط کے ساتھ عبور کیا، جو تاریخ کی بہترین اوسط ہے۔

سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ بمراہ کےلیے دہری خوشی کا باعث بنا کیونکہ انہوں نے پیر کے روز آئی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر 2024 کا ایوارڈ بھی جیتا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید