• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ای او انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جیف ایلرڈائس اپنے عہدے سے دستبردار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جیف ایلرڈائس اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے۔ 

جیف کے عہدہ چھوڑنے سے متعلق آئی سی سی کی جانب سے تصدیق بھی کردی گئی ہے۔ 

جیوف ایلرڈائس نے 2012ء میں آئی سی سی میں بطور جنرل منیجر کرکٹ شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ کرکٹ آسٹریلیا میں کرکٹ آپریشنز منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

نومبر 2021ء میں انہیں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، اس سے پہلے وہ آٹھ ماہ تک قائم مقام سی ای او رہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین آئی سی سی جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا ’آئی سی سی بورڈ کی جانب سے میں جیوف ایلرڈائس کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بطور چیف ایگزیکٹو اپنی قیادت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ ان کی کوششوں نے عالمی سطح پر کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔‘

انکا کہنا تھا کہ ’ہم ان کی خدمات کےلیے شکرگزار ہیں اور ان کے مستقبل کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘

جیوف ایلرڈائس نے اپنے بیان میں کہا، ’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سی ای او کے طور پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات رہی۔ میں ان نتائج پر فخر محسوس کرتا ہوں جو ہم نے حاصل کیے، چاہے وہ کرکٹ کے عالمی دائرہ کار کو بڑھانا ہو یا آئی سی سی ممبران کےلیے تجارتی بنیادیں مضبوط کرنا۔‘

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں آئی سی سی چیئرمین، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور پوری کرکٹ کمیونٹی کا گزشتہ 13 سالوں میں حمایت اور تعاون کےلیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میرا ماننا ہے کہ یہ میرے لیے مستعفی ہونے اور نئے چیلنجز اپنانے کا صحیح وقت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کرکٹ کا مستقبل تابناک ہے اور میں آئی سی سی اور عالمی کرکٹ کمیونٹی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔‘

دوسری جانب آئی سی سی بورڈ نے نئے چیف ایگزیکٹو کے انتخاب کےلیے اقدامات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید