کراچی (نیوز ڈیسک) وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد رہی جو کہ گزشتہ سال 28.8فیصد تھی، دسمبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد رہی جو 80 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے مالی سال 25-2024ء کی رپورٹ جاری کر دی گئی، شرحِ تبادلہ کے استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر سپلائی نے مہنگائی کم کرنے میں مدد دی۔ غیر قانونی فارن ایکسچینج کمپنیوں، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی پر کارروائیاں کارگر رہیں، حساس قیمت اشاریے میں جنوری 2025ء کے آخری 5 ہفتوں میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔ 23 جنوری 2025ء کو ختم ہوئے ہفتے میں ایس پی آئی میں 0.77 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی، 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 14 میں اضافہ جبکہ 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔