• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ، کیس پراپرٹی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے پراجیکٹ "ای مال خانہ" پر کام شروع

کراچی( ثاقب صغیر )کراچی پولیس نے کیس پراپرٹی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے پراجیکٹ"ای مال خانہ " E-Malkhana پر کام شروع کر دیا، اب تک 2ہزار کے قریب کیس پراپرٹی ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ای مالخانہ پراجیکٹ کے تحت تمام کیسز کی کیس پراپرٹی کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔پہلے مرحلے میں کراچی میں اس پراجیکٹ پر عمل ہو رہا ہے۔اس حوالے سے ایک سافٹ وئیر بنایا گیا ہے جس میں تھانے میں کیس پراپرٹی کی انٹری کر کے اسے مال خانے بھیجا جا رہا ہے۔سافٹ وئیر کو پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ لنک کیا گیا ہے جبکہ جلد ہی پولیس اسٹیشن ریکارڈ منجمنٹ سسٹم (PSRMS) کو کیس فیلو مینجمنٹ سسٹم (CFMS) سے منسلک کیا جائے گا جس کے بعد جج حضرات بھی کیس پراپرٹی کا ریکارڈ براہ راست دیکھ سکیں گے۔اس ریکارڈ کو آن لائن باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن کراچی رینج ذوالفقار مہر کے مطابق پی ایس آر ایم ایس اور سی ایف ایم ایس کے الحاق سے مقدمات کی تفصیلات،ثبوت، دستاویزات،عدالتی کاروائی اور دیگر ضروری معلومات کوآن لائن محفوظ بنایا جا سکے گا۔ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر عدالتی فیصلے تک کے تمام تفتیشی امور اور عدالتی کارروائی کی آن لائن مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ دونوں سسٹمز کے الحاق سے مقدمات میں دستاویزی غلطیاں،غیر ضروری تاخیر اور عدم تعاون کو ختم کیا جاسکے گا۔سسٹم کے باہم منسلک ہونے سے شعبہ تفتیش اور پراسیکیوشن برانچ میں تعلقات اور روابط کو مذید تقویت ملے گی۔سسٹم کے الحاق اور دونوں محکموں کے تعاون سے کنوکشن کی شرح میں مذید بہتری آئے گی۔شعبہ تفتیش کے ڈیجیٹائز ہونے سے بہت سی خامیاں اور تاخیر ختم ہوجائے گی۔شعبہ تفتیش کے مضبوط ہونے سے پراسیکیوشن برانچ بھی مضبوط ہوگی۔پولیس کے مطابق اس پراجیکٹ پر دسمبر سے کام شروع کر دیا گیا ہے اور سب تک تقریباً 2 ہزار کے قریب کیس پراپرٹی کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے شہر کے 108 تھانوں میں ایک اہلکار کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جو کیس پراپرٹی کی سافٹ وئیر میں انٹری کر کے اسے مال خانے بھیجے گا۔اس حوالے سے ایک ڈیش بورڈ بھی بنایا گیا ہے جس میں کیس پراپرٹی مال خانے میں جمع کروانے والے افسر کا نام ، عہدہ ، پوسٹنگ ، اس کا فنگر پرنٹ اور کیس پراپرٹی کا اسٹیٹس بھی دیکھا جاسکے گا جبکہ ڈیش بورڈ میں ایف آئی آر نمبر، چالان نمبر، ایف آئی آر کا سال، ڈسٹرکٹ، تھانے کا نام ،کیس پراپرٹی کی تفصیلات، اگلی سماعت کی تاریخ ، کورٹ کا نام بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ کیس پراپرٹی اور اس کے متعلقہ دستاویزات کی تصویر بھی سافٹ وئیر کے زریعے اپ لوڈ ہو گی۔ڈیش بورڈ کے ذریعے کیس پراپرٹی کی اس کے مالک کو حوالگی کے حوالے سے بھی تمام تفصیلات اس میں درج ہوں گی۔ریکارڈ کے مطابق اب تک سائوتھ مال خانہ میں 100، سٹی میں 195، ایسٹ میں 222، کورنگی میں 243 ، سینٹرل مال خانہ میں 257، ویسٹ میں 160، کیماڑی میں 245 اور ملیر مال خانہ میں 396 کیس پراپرٹیز جمع کروائی گئی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید