اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے بھارت کے آپریشن سندور میں اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال ہونے کی تصدیق کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی صحافی سے گفتگو میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ بھارت نے آپریشن سندور میں اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے اور اسرائیلی ہتھیاروں نے جنگی میدان میں کارگر ہونے کو ثابت کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرے گا، بین الاقوامی باڈی غزہ کا انتظام سنبھالے گی، حماس ہتھیار ڈال دے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کا مقصد حماس کا خاتمہ اور حماس کو غزہ سے نکالنا ہے۔
ٹیرف معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت ہمارے بہت اچھے دوست اور شراکت دار ہیں، امریکا بھی یہ بات سمجھتا ہے کہ بھارت مضبوط شراکت دار ہے، امریکا اور بھارت مل کر ٹیرف تنازع کا حل نکال سکتے ہیں۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ امریکا کو معلوم ہے کہ بھارت قدرتی شراکت دار ہے، اسرائیل اور بھارت کے درمیان براہِ راست پروازوں کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔