• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: جمیل ادیب سیّد

صفحات: 176، قیمت: 1000 روپے

زیرِ اہتمام: بزمِ اردو، پاکستان(کراچی)۔

فون نمبر:2947681 - 0300

جمیل ادیب سیّد ایک علمی و ادبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اِس خانوادے میں ناطق لکھنوی اور حضور لکھنوی جیسے اساتذہ گزرے ہیں۔ جمیل ادیب ایک پختہ کار شاعر کی حیثیت سے نمایاں شناخت رکھتے ہیں اور افسانہ نگار بھی ہیں۔ اِن سے استفادہ کرنے والے ترقّی کرگئے، لیکن اپنی اصول پسند طبیعت کی وجہ سے وہ مقام حاصل نہ کر سکے، جو اُن کا حق تھا۔ زیرِ نظر کتاب میں اُن کی شاعری کے علاوہ17 افسانے بھی شامل ہیں۔

اُن کی شاعری میں روایت کی پاس داری بھی ہے اور جدید طرزِ احساس بھی۔ اُن کی شاعری پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اُنھوں نے ادب کی کلاسیکی روایت سے بھرپور استفادہ کیا ہے۔ مشاعرہ پڑھنا بھی ایک ہنر ہے، اگر کسی شاعر کو یہ ہنر نہیں آتا، تو وہ ادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل نہیں کرسکے گا اور یہی معاملہ جمیل ادیب سیّد کے ساتھ ہے۔

زیرِ نظر کتاب کے افسانے بھی قاری کو اپنی طرف متوجّہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہر افسانہ دلآویز و دل نشین ہے۔ اُن کے افسانے سماجی اور معاشرتی زندگی سے جڑے ہوئے ہیں، کچھ افسانے ایسے بھی ہیں، جن میں رومانی کیفیات غالب ہیں۔ ویسے شاعری اور افسانوں کی یک جائی ایک اچھا تجربہ ہے۔