• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظفر گڑھ: زیادتی کا جھوٹا الزام لگانے پر خاتون کے خلاف اینٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج


مظفر گڑھ میں زیادتی کا جھوٹا الزام لگانے پر خاتون کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، خاتون نے 2 ملزمان پر اجتماعی زیادتی کا الزام لگا کر عدالت میں بھی ان کے خلاف بیان دیا تھا۔

ملتان کی رہائشی خاتون کی جانب سے مظفرگڑھ کے تھانہ سول لائن میں 2 نامزد ملزمان کیخلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا، ایف آئی آر میں خاتون نے الزام عائد کیا کہ 8 جنوری کو وہ دوائی لینے رجب طیب اردوان اسپتال جا رہی تھی۔

اسی دوران 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسے اغواء کیا اور نامعلوم مقام پر لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

خاتون نے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے بھی ملزمان کی نشاندہی کی۔ عدالت میں ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت میں متاثرہ خاتون عدالت میں اپنے بیان سے ہی منحرف ہوگئی۔

خاتون نے عدالت میں بیان دیا کہ اس نے شک کی بنیاد پر ملزمان کو مقدمے میں نامزد کروایا تھا۔ 

خاتون کے بیان کے بعد دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ خارج ہوگیا اور جھوٹا مقدمہ درج کروانے پر خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید