مظفرآباد( نامہ نگار)مرکزی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن آزادکشمیرومنتخب ممبراسمبلی شاہ غلام قادر نے کہاہے کہ نیلم کے عوام نے جس قدر محبت کااظہار کیا ہے لائق تحسین ہے ، نیلم کے عوام نے 21جولائی کو دھونس دھاندلی ، اقرباء پروری اور برادری ازم کے بتوں کو پاش پاش کرکے تاریخی ریکارڈ قائم کیا۔ میری کامیابی کاسہرا نیلم کے عوام کو جاتاہے ، اقتدار نہیں عوام کی خدمت میرامشن ہے ۔اہل نیلم کے کرشماتی جذبوں کو سلام پیش کرتاہوں کہ انہوں نے نیلم کی تعمیروترقی کیلئے مجھے بھاری مینڈیٹ دیکر سرخرو کیا گیا۔ نیلم کے نوجوانوں کو نیلم ہی کی دھرتی پر پرکشش ملازمتیں ، اور قومی نوعیت کے منصوبے لانچ کرینگے ۔مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ جنہوں نے 68سالوں سے قابض بتوں کو پاش پاش کیا۔ ان خیالات کااظہار مرکزی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن آزادکشمیر ومنتخب ممبراسمبلی شاہ غلام قادر نے میڈیا کے نمائندگان سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نیلم کی ضلعی باڈی سمیت ضلع نیلم کے عوام میر ے محسن ہیں جنہوں نے جبر ، ظلم کیخلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے دھونس دھاندلی اور اجارہ داری کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا۔ مملکت پاکستان وبیرون ممالک وآزاد ریاست مجھے شاندار کامیابی پر مبارکبادیں پیش کررہی ہیں جن کاسہرا نیلم کے عوام کو جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیلم کے عوام نے 21جولائی کو یوم نجات کے طور پر منایا مسلم لیگ ن کاانتخاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی پالیسیوں پراعتماد کااظہار کیاہے ۔ دوستوں دشمنوں کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں کسی کیخلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی ، نیلم کے عوام نے ماضی میں ہونیوالی مکروچالوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے باریاں لگانے والوں کو مسترد کردیا۔اب ادارے کے ذریعے عوام کو تنگ نہیں کیاجائے گا۔ بلکہ اداروں کو عوام کا خادم بنایاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ میری ٹیم نے جس سیاسی تدبر اور برداباری کامظاہر ہ کیاہے اور پانچ سال انتقامی حربوں کاشکار ہونے کے باوجود جس ثابت قدمی کامظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ وادی نیلم میں کچھ عناصروں نے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے انتشیاری پمفلٹ شائع کیئے تھے ، مجھے خوار کرنے کیلئے مخالفین نے ہر حربہ استعمال کیا۔ لیکن جسے اللہ رب العزت عزت دیتے ہیں دنیا اس کی عزت کرتی ہے۔ شاہ غلام قادر کاکہنا تھاکہ وادی نیلم کے وسائل کو نیلم کے عوام پر ہی خرچ کرینگے ۔جوان کا بنیادی حق ہے دلواکر رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نیلم کے عوام کاتہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے بھاری مینڈیٹ دیکر اسمبلی میں بھیجا ۔