بھارت میں ہونے والے ایشیاء کپ ہاکی میں پاکستان کی شرکت کی راہ ہموار ہوگئی؟
بھارتی میڈیا نے ایونٹ میں پاکستان کی شرکت پر مثبت خبریں دینا شروع کردیں۔
بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے نے بھی پاکستان کی شرکت کے حوالے سے خبر جاری کردی۔
بھارتی وزارتِ کھیل کے ذرائع نے خبر رساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو ایشیاء کپ میں شرکت سے نہیں روکیں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت کھیل کے ذرائع نے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاک بھارت مقابلوں کے خلاف نہیں، بین الاقوامی مقابلوں کا تقاضہ ہے کہ ہم ان میچز سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ نے ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے لیے کلیئرنس دے دی ہے۔
بھارت میں ہاکی ایشیاء کپ 27 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن ایونٹ میں شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دے چکی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد کا ماضی میں بیان سامنے آیا تھا کہ اگر حکومت نے اجازت دی تو ہی بھارت میں ایشیاء کپ کھیلیں گے۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے اب تک ایونٹ کے حوالے سے کوئی ردِعمل نہیں آیا ہے۔