ایشین گیمز میں پاکستان کا اولین میڈل جیتنے والے ریسلر دین محمد انتقال کر گئے۔
انہوں نے 1954ء کے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا تھا، ریسلر دین محمد پہلوان کی عمر 100 برس سے زائد تھی۔
لاہور کے نواحی علاقے باٹا پور کے رہائشی دین محمد پہلوان نے پاکستان کی طرف سے منیلا میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کا پرچم بلند کیا تھا اور ٹائٹل جیتنے کے لیے فلپائن، بھارت اور جاپان کے پہلوانوں کو شکست دی تھی۔
دین محمد پہلوان نے ایشین گیمز میں میڈل جیتنے کے علاوہ کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کیا، کامن ویلتھ گیمز میں بھی برونز میڈل جیتا۔ بابا دین محمد کافی عرصے سے علیل تھے۔
صوبائی وزیرِ کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے بابا دین محمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی وزیرِ کھیل نے کہا ہے کہ ریسلر دین محمد کی ملک کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، انہوں نے ریسلنگ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا تھا۔