• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ہائی وے پر ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی

کراچی( ثاقب صغیر ) ملیر نیشنل ہائی وے ہوٹل کے قریب 22 ویلر ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ عامر ولد غلام مصطفیٰ جاں بحق اور 35 سالہ ساجد ولد محمد ہاشم زخمی ہوگیا،جاں بحق اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا،متوفی عامر کے کزن عبدالرحمن ٰنے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا عامر، ساجد کا بہنوئی ہے، ہم دو موٹر سائیکلوں پر اپنے کزن کو کینٹ اسٹیشن چھوڑ کر واپس قائد آباد آرہے تھے کہ تیز رفتار ٹریلر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس پر عامر اور ساجد سوار تھے،حادثہ کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور فرار ہوگیا،متوفی عامر پیدائشی طور پر قوت سماعت اور گویائی سے محروم تھا اور کچھ ماہ قبل شادی ہوئی تھی، مزار قائد کے قریب اسپیشل ایجوکیشن اسکول میں ملازم تھا ،زخمی ساجد کی حالت بھی تشویشناک ہے ،کزن نے بتایا کہ ہم مدینہ کالونی قائد آباد کے رہائشی اور آبائی تعلق خیر پور میرس سے ہے،متوفی عامر کی تدفین خیر پور میرس ہوگی،دوسری جانب ایس ایچ او راجہ عباس نے بتایا کہ دو ٹریلر ایک ہی مالک کے ہیں جو لاہور سے ساتھ ہی نکلے تھے اور پورٹ قاسم جا رہے تھے ،حادثہ پیچھے والے ٹر یلر کی ٹکر سے ہوا ، آگے والے ٹریلر کے ڈرائیور کو بلا کر ٹریلر کو تھانے منتقل کیا،علاوہ ازیں بلدیہ مواچھ موڑ ایس پی آفس کے قریب روٹ نمبر X-8 منی بس اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجے میں منی بس میں سوار 2 خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے، پولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار وں نے زخمی افرادکو سول اسپتال منتقل کیا۔حادثے کے سبب مذکورہ مقام پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، زخمیوں کی شناخت شہناز دختر اللہ بخش، حکیم زادی ولد اللہ بخش جو ماں بیٹی ہیں،جبکہ دیگر زخمیوں میں عبداللہ ، زاہد احمد،شیراز علی،سجاد علی،واحد،رؤف الرحمٰن،یاسین ،ناصر ،سجاد اور حکمت کے ناموں سے ہوئی ہے،دونوں گاڑیوں کی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے،پولیس نے منی بس اور ڈمپر تحویل میں لے لیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید