کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ہیوی ٹریفک سے حادثات و اموات میں اضافہ سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نااہلی و کرپشن اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نےکہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ 21فروری کو شہر کے15مقامات پر احتجاجی مظاہرے کریں ، ڈمپرز، ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے باعث شہر میں حادثات اور بڑھتی اموات انتظامی یا سیاسی نہیں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا مسئلہ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اس مسئلے کو صرف انتظامی قراردینے کی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں،ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپے زر تلافی ادا کیا جائے، سندھ حکومت اور محکمہ پولیس ٹریفک قوانین،ہیوی ٹریفک کی شہر میں نقل و حرکت کے اوقات،روڈ سیفٹی ایکٹ،موٹر وہیکل لاء، ڈرائیونگ لائسنس اور حد رفتار کی پابندی یقینی بنائے،کراچی کے شہری آج شام 5بجے امن احتجاج میں شرکت کریں، احتجاجی مظاہرے نیشنل ہائی وے،سپر ہائی وے، حب ریور روڈ، شاہراہ پاکستان، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ اورنگی،شاہراہ کورنگی، لیاقت آباد نمبر 10سمیت دیگر مقامات پرہوں گے۔