• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کے سربراہ سے ازبک نائب وزیر دفاع کی ملاقات

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

ازبکستان کے نائب وزیر دفاع میجر جنرل برخونوف احمد جملوویچ نے منگل کو ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ 

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک نائب وزیر دفاع اعلیٰ سطح دفاعی وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچے اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے کے امور، مشترکہ تربیت اور ہوابازی کے شعبے میں تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ایئر ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ازبک نائب وزیر دفاع کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ ازبک فضائیہ کے پائلٹس اور عملے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

 انھوں نے کہا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک نائب وزیر دفاع نے ہوا بازی کی صنعت میں پاک فضائیہ کی ترقی کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان فضائیہ سے فضائیہ تک تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

ازبک نائب وزیر دفاع نے مشاق طیاروں کی خریداری کے ذریعے ازبک بیڑے میں توسیع کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ دونوں ملکوں نے باہمی مہارت کے تبادلے کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ازبک وفد نے سائبر کمانڈ اور قومی انٹیلیجنس، نگرانی اور مربوط فضائی آپریشنز سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں وفد کو پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

قومی خبریں سے مزید