پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ثناء اللہ مستی خیل کا کہنا ہے کہ افسوس ہوتا ہے حکومت کس بنیاد پر اپنی کارکردگی کی بات کررہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ پتا نہیں یہ لوگ کس چیز کا جشن منا رہے ہیں، ان کو تو عوام نے مینڈیٹ ہی نہیں دیا، مینڈیٹ تو پی ٹی آئی کو ملا، ملکی معیشت بدترین صورتحال سے دوچار ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت 1 ارب ڈالر کی گندم درآمد کرنے جارہی ہے، گنے کے کاشتکاروں کا برا حال کر دیا، حکومت شوگر ملز مالکان سے ملی ہوئی ہے، گنے کے کاشتکاروں کو گڑ بنانے کی اجازت نہیں۔
ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ حکومت نے دفعہ 144 لگادی ہے، اس حکومت کا کوئی منشور ہے نہ ہی عوام کےلیےکوئی ایجنڈا ہے۔