راولپنڈی ، چکوال (سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے تھانہ جاتلی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تھانہ کے فرنٹ ڈیسک، حوالات ، وی ایس او روم ، ریکارڈ اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیااور تھانہ کی صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء تھانہ سٹی چکوال میں کھلی کچہری کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو میں ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صوبے میں امن وامان کے حوالے سے زمینوں اور جھگڑوں کی وجہ سے تھانے اور کچہریاں آباد ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ مال میں بہتری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ اراضی کے معاملات زیادہ تر پولیس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔ انہوں نے اس موقع پرسائلین کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔ان کا کہنا تھا کہ زمین کے کیسز اور زمینی تنازع کھلی کچہریوں میں حل ہو جائیں تو لا ءان آرڈر کی صورتحال میں بہتری آسکتی ہے۔