پاکستان کے لیجنڈری قوال امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 9 برس بیت گئے۔
امجد صابری کی 9 ویں برسی کے موقع پر ان کے بیٹے مجدد امجد صابری نے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
مجدد امجد صابری نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی جہاں میزبان مدیحہ نقوی نے ان سے اپنے مرحوم والد کا کوئی کلام پیش کرنے کی فرمائش کی۔
مدیحہ نقوی کی فرمائش پر مجدد امجد صابری نے اپنے والد امجد صابری کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مشہور نعت ’اے سبزِ گنبد والے‘ پڑھی کیونکہ امجد صابری نے یہی نعت اپنے انتقال سے ایک روز قبل نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں پڑھی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیجنڈری قوال غلام فرید صابری کے بیٹے اور مقبول صابری کے بھتیجے امجد صابری 23 دسمبر 1976ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔
8 سال قبل کراچی میں 22 جون 2016ء (16 رمضان المبارک) کی شام 4 بجے کے قریب نامعلوم افراد نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کی اور اس دوران سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔
یوں لوگوں میں محبتیں بانٹنے والے ایک خوبصورت انسان اور بہترین قوال امجد صابری کو دہشت گردوں نے بظاہر ہمیشہ کے لیے خاموش کروا دیا لیکن لوگوں کے دلوں میں وہ آج بھی زندہ ہیں۔