• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا روس سے ایک کھرب 64 ارب روپے کا خفیہ میزائل معاہدہ

کراچی (رفیق مانگٹ) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران نے روس کے ساتھ تقریباًایک کھرب 64 ارب روپے( 50 کروڑ یورو )مالیت کا خفیہ اسلحہ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ایران کندھے پر رکھ کر فائر ہونے والا جدید میزائیل نظام حاصل کرے گا۔ تین سال میں 500 جدید وربا لانچ یونٹس اور 2500 نائن ایم336میزائل فراہم کیے جائیں گے۔معاہدہ تین مرحلوں میں 2027 سے 2029 تک مکمل کیا جائے گا۔امکان ظاہر کیا گیا کہ کچھ یونٹس پہلے ہی ایران کو فراہم کیے جا چکے ہوں۔معاہدے میں 500 ʼموگلی-2ʼ نائٹ وژن آلات بھی شامل ہیں۔میزائل کی فی یونٹ قیمت تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار یورو جبکہ لانچر کی قیمت 40 ہزار یورو مقرر کی گئی۔دستاویزات کے مطابق یہ معاہدہ دسمبر میں ماسکو میں طے پایا اور اس کا مقصد اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران تباہ ہونے والے ایرانی فضائی دفاعی نظام کو دوبارہ مضبوط کرنا ہے۔روسی ساختہ وربا نظام جدید انفرا ریڈ گائیڈڈ میزائل ہے جو کروز میزائل، کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور چھوٹے متحرک دستوں کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران نے جولائی میں اس نظام کی باضابطہ درخواست دی تھی، جو اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے فوراً بعد سامنے آئی۔ جنگ کے دوران ایران کے مربوط فضائی دفاع کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس سے اسرائیلی فضائیہ کو برتری حاصل ہوئی۔

اہم خبریں سے مزید