• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھ سینئروزراءکو پرانے قلمدانوں کے ساتھ سندھ کی نئی کابینہ میں شامل کیاجائے گا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کی نئی کابینہ مرحلہ وار بنائی جائے گی‘ پہلے مرحلے میں پانچ یا چھ سینئر وزراء کوپرانے قلمدانوں کے ساتھ نئی کابینہ میںشامل کیا جائے گا‘ انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت منگل کو بلاول ہاؤس میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں سید قائم علی شاہ کی کابینہ کے چند سینئر وزراء نے بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ انہوں نے نئے وزیر اعلیٰ سندھ کے حوالے سے پارٹی کی قیادت کا فیصلہ قبول کر لیا ہے‘ اگر آئندہ کابینہ میں انہیں شامل کرنا ہے تو انہیں وہی قلمدان دیئے جائیں جو ان کے پاس موجود ہیں ‘اگر قلمدان تبدیل کرنا ہیں تو انہیں آئندہ کابینہ میں شامل نہ کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق سینئر وزراء کی یہ بات بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد آصف علی زرداری کو ٹیلیفون پر بتائی ‘ اس کے بعد انہوں نے ان وزراء سے کہا کہ انہیں نئی کابینہ میں بھی یہی قلمدان سونپے جائیں گے‘ توقع ہے کہ پانچ چھ سینئر وزراء کو پہلے مرحلے میں ان کے موجودہ قلمدانوں کے ساتھ نئی کابینہ میں شامل کیا جائے گا‘ کابینہ میں اگلے مرحلوں میں توسیع کے لیے نئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلے کریں گے‘ نئی کابینہ میں خواتین ارکان کو بھی زیادہ نمائندگی دی جائے گی‘ان خواتین میں روبینہ سعادت قائم خانی ، خیرالنساء مغل ، ارم خالد اور دیگر شامل ہیں ۔ 
تازہ ترین