کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں 4افراد جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کے حدود ناردرن بائی پاس ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20سالہ رضوان اورزخمی کی شناخت 25سالہ شاہ زیب ولد طلعت کے نام سے ہوئی ہے،ایس اچ اومنگھوپیرعمران خان کے مطابق حادثہ ریس لگاتے ہوئے موٹر سائیکلیں ٹکرانے کےباعث پیش آیا ہے ، متوفی اور زخمی نوجوان اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں ، حادثے کے فوری بعد پولیس نے ناردرن بائی پاس پرریس لگانے والے 5 نوجوانوں کو حراست میں لیکر ان کی موٹر سائکلیں قبضے میں لے لی ہیں اورمزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، علاوہ ازیں اتحاد بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی جی سیون بس اسٹاپ کے قریب گھرکے اندردیوارگرنے سے 25سالہ عزیزاللہ ولد شیر بہادر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ،پولیس نے حادثہ سے لاعلمی کا اظہار کیاہے، سکھن تھانے کے حدود بھینس کالونی روڈ نمبر8محمود گوٹھ کے قریب کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 20 سالہ سبحان ولد شیرملک جاں بحق ہوگیا ، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق متوفی نوجوان ویلڈنگ کی دکان میں کام کرتا تھا اور ویلڈنگ کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، دریں اثنا منگھوپیر نہر میں نہاتے ہوئے 2 افراد ڈوب گئے ،واقعے کی اطلاع پر موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر نہر میں کود کر ڈوبنے والے افراد کو بچانے کی کوشش کی،طویل جدودجہد کے بعددونوں افراد کو نہر سے نکال لیا گیا جن میں 18سالہ راحیل ولد آدم پیٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 40سالہ اعجاز کی حالت غیر ہوگئی تھی ،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفی کی لاش اور نیم بیہوشی کی حالت میں نہر سے نکالے گئے شخص کو اسپتال منتقل کیا ،پولیس نے نہر میں نہانے والے متعدد افراد کو حراست میں لیکر تھانہ منتقل کردیا ۔