پاکستان شوبز و تھیٹر انڈسٹری کے معروف سیئنر اداکار سہیل احمد کا کہنا ہے کہ ہم اپنی ثقافت بھول چکے ہیں۔
حال ہی میں مایہ ناز اداکار نے یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔ دورانِ انٹرویو جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی وہیں انہوں نے ملک کی بگڑتی ہوئی ثقافت پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ ہے کہ ہم نے اپنی ثقافت کو چھوڑ دیا ہے، پھر چاہے شعبہ کوئی بھی ہو ہم اپنی ثقافت کو بھول گئے ہیں، ثقافت کو مختلف ذرائع زندہ رکھتے ہیں جس میں سب سے اہم شوبز، اداکاری بالخصوص تھیٹر ہے۔
سینئر اداکار کے مطابق ہم سیاسی خبروں میں الجھ کر رہ گئے ہیں، مجھے ٹی وی دیکھ کر ہنسی آتی ہے، جو اس ملک کا مسئلہ نہیں ہے ہم اس کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک الگ ثقافت اور اقدار کی حامل قوم تھے۔ ہم بڑوں کا احترام کرتے تھے، ہماری مہمان نوازی ہر کوئی جانتا تھا، پھر بھی ہم سب کو پیچھے چھوڑ کر دوسروں سے متاثر ہونے لگے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایسا نظر نہیں آئے گا جو دوسرے کی ثقافت کی نقل کرتا ہوگا، ہر کوئی اپنی ثقافت کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
سہیل احمد کے مطابق ہر چیز میں نقل کی جاسکتی ہے لیکن ثقافت میں نہیں، آپ کے آباؤاجداد کی روایات کا نام ثقافت ہے اور ہم اپنی ہی ثقافت سے دامن چھڑا بیٹھے ہیں جبکہ یہ خطہ تو ثقافت کے اعتبار سے دنیا میں سب سے زیادہ وسیع تھا لیکن آج ہم کہتے ہیں انگریز ہر ایک کو دیکھ کر مسکراہٹ کا تبادلہ کرتے ہیں جبکہ یہ تو ہمارے نبیﷺ کی سنت تھی جو ہم بھول گئے اور اس کا کریڈٹ انگریزوں کو دیتے ہیں۔ ہمیں اپنے آبا و اجدا کی میراث کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔