• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جارحیت کا جواب لازمی آنا ہے، اس میں کسی کو شک نہیں: عطاء اللّٰہ تارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحیت کا جواب آنا ہے اور لازمی آنا ہے اس میں کسی کو شک نہیں۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے 29 ڈرون، 5 طیارے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ ہو چکا اور یہ سب ہم نے دفاع میں کیا، بھارتی میڈیا خفت مٹانے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹس نے طیارہ کمپنی کی ناک کٹوا دی، بھارت کے وہ ڈرونز جو فوجی تنصیبات کی جانب جا رہے تھے، انہیں نشانہ بنا کر گرایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت فلموں سے باہر نہیں آ رہا، انہوں نے تو ابھی نندن پر بھی فلم بنا لی تھی، بھارتی میڈیا نے جو گرایا گیا ڈرون دکھایا اس پر کوئی خراش تک نہیں تھی، طیارے گرنے اور سفید جھنڈے لہرانے کے بعد بھارت کے پاس جھوٹ کے سوا آپشن نہیں رہا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھارتی پائلٹ کس منہ سے پاکستان کا مقابلہ کرے گا؟ ہم نے تو بھارتی فوج کو نشانہ بنایا، 40 سے 50 ان کے فوجی مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا اور شہری آبادی کو نقصان پہنچایا، بھارت کو جواب دینا عالمی قوانین اور یو این کے چارٹر کے تحت پاکستان کا حق ہے، بھارتی میڈیا کی خبریں جھوٹ ہیں، پاک فضائیہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے۔

اس سے قبل جاری کیے گئے بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی طیارے گرانے کے بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت ایف 16 اور جے ایف 17 لڑاکا طیارے مار گرانے کا بے بنیاد اور جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت جیسی جھوٹی اور من گھڑت کہانیاں آپ کو کہیں نہیں ملیں گی۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ ایسے جھوٹے دعوے صرف بھارت کی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید