• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے جے 10 نے 2 بھارتی طیارے مار گرائے، امریکی عہدیدار

دو امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے چینی ساختہ جے 10 طیارے نے بدھ کو 2 بھارتی طیارے مار گرائے۔

برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ
قوی امکان ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ جے 10 طیارے سے بھارتی لڑاکا طیاروں پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغے۔

امریکی عہدیدار نے کہا کہ چینی ساختہ جے 10 طیارے سے داغے میزائلوں سے دو طیارے مار گرائے گئے، مار گرائے جانے والے بھارتی طیاروں میں ایک فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ تھا۔

امریکی عہدیدار نے کہا کہ بھارت کے خلاف کارروائی میں امریکی ساختہ ایف 16 طیارے استعمال نہیں کیے گئے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی ساختہ طیارے کے مقابلے میں چینی لڑاکا طیارے کی کارکردگی کا امریکا میں بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، امریکا، تائیوان یا انڈو پیسفک خطے میں کسی ممکنہ تصادم میں چین کے ردعمل کا اندازہ لگانا چاہتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی بھارت کے خلاف کارروائی میں جے 10 طیارے استعمال کرنے کی تصدیق کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کے 3 رافیل طیارے مار گرانے میں جے 10 طیارہ استعمال کیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی آفیشلز نے بھی اپنے  3 طیاروں کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بھارتی سیکیورٹی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ 3 طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں لیکن ان کی وجوہات ابھی واضح نہیں۔

معروف امریکی جریدے کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک طیارہ بھارتی پنجاب میں اور ایک مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا، مقبوضہ کشمیر میں تباہ شدہ طیارے کے فیول ٹینک پر تجزیے میں سامنے آیا کہ یہ رافیل یا میراج طیارہ تھا، لیکن طیارے کے تباہ شدہ فیول ٹینک سے یہ معلوم نہيں ہوسکا کہ یہ ٹینک کسی ایسے طیارے کا تھا جو دشمن کی فائرنگ سے نشانہ بنا ہو۔

امریکی جریدے نے یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ بھارت، پاکستان میں ایئر اسٹرائیک کرکے پہلگام حملوں کے بدلے کا دعویٰ تو کر رہا ہے لیکن ایسے شواہد بھی سامنے آرہے ہيں کہ بھارتی فورسز کو اس آپریشن میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، جہاں کم از کم 2 طیارے تو مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے  7 مئی کی رات پاکستان پر حملہ کیا گیا تھا جس کا پاکستان نے بروقت اور موثر جواب دیا اور رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں برنالہ، شکر گڑھ اور کوٹلی سیکٹر میں بھارتی ڈرون اور متعدد کواڈ کواپٹر بھی تباہ کردیے گئے، ایل او سی پر بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیا گیا۔

بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔

قومی خبریں سے مزید