• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نمکین، سلونی عید اور گوشت کے پکوان لازم و ملزوم

عشرت فاطمہ

عید الاضحیٰ اور گوشت کے پکوان گویا لازم و ملزوم ہیں۔ ایسا ہو نہیں سکتا کہ عیدِ قرباں کا تہوار ہو اور گھروں کے آنگن چٹ پٹے، روایتی کھانوں کی مہک سے نہ مہکیں۔ نمکین، سلونی عید پر سنّتِ ابراہیمیؑ کی ادائی اور گوشت تقسیم کرنے کے بعد عموماً اہلِ خانہ اور مہمانوں کے لیے گوشت کے لذیذ پکوان ہی تیار کیے جاتے ہیں۔ 

سو، عید کے موقعے پر بھی امورِخانہ داری میں مصروف خواتین کی آسانی کے لیے ذیل میں کلیجی مسالا، نمکین گوشت، بیف پلاؤ اور شامی کباب کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں۔ یہ مزےدار ڈشز تیار کر کے اپنے اہلِ خانہ اور مہمانوں کو پیش کریں اور اُن کے معدوں کے رستے، دِلوں پر قابض ہوجائیں۔

کلیجی مسالا

اجزاء: بکرے کی کلیجی آدھا کلو، پیاز دو عدد (باریک کاٹ لیں) ٹماٹر دو عدد (چوکور کاٹ لیں)، شملہ مرچ دو عدد (کیوبز میں کاٹ لیں)، ہری مرچ دو عدد (کاٹ لیں)، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت سیاہ مرچ آدھا چائے کا چمچ، بڑی الائچی دو عدد، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کیچپ ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا آدھی گڈی اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے گرائنڈر میں ثابت دھنیا، سفید زیرہ، کالی مرچ، الائچی اور ہلدی ڈال کر اچّھی طرح گرائنڈ کرلیں، تاکہ پاؤڈر بن جائے۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے پیاز براؤن کریں اور اُس میں ٹماٹر ڈال کر گلنے دیں۔ بعد ازاں کلیجی ڈال کر 5 منٹ تک فرائی کریں، پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کے مزید بھون لیں۔ 

اب اس میں کیچپ، گرائنڈ کیا ہوا مسالا اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر 15سے 20منٹ کے لیے پکنے دیں، جب خوشبو آنے لگے تو شملہ مرچ اور ہری مرچیں ڈال کر بُھونیں اور ہرا دھنیا چِھڑک کر دَم دے دیں۔ لیجیے، مزے دار کلیجی مسالا تیار ہے۔ قربانی کے فوری بعد اہلِ خانہ کو کھانے کے لیے پیش کریں اور خوب داد وصول کریں۔

نمکین گوشت

اجزاء: گوشت ایک کلو، تیل یا گھی100گرام، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ثابت زیرہ ایک چائےکا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ٹماٹر چار عدد، گرم پانی ایک کپ، سبز مرچ چھے عدد، کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، دہی دو کھانے کے چمچ، سبز دھنیا چوتھائی گڈی۔

ترکیب: ایک فرائنگ پین میں تیل یا گھی لیں اور اُس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، ثابت زیرہ، مٹن اور نمک ڈال کر دو سے تین منٹ بُھونیں اور پھر پندرہ سے بیس منٹ تک دَم دیں۔ اگلے مرحلے میں اس میں ٹماٹر اور گرم پانی ڈال کر پچیس سے تیس منٹ تک دوبارہ دَم دیں۔ 

اب اس میں سبز مرچ، کالی مرچ پاؤڈر اور دہی ڈال کر دس منٹ تک بُھونیں، پھر لیموں اور سبز دھنیے کی گارنشنگ کردیں۔ مزے دار نمکین گوشت تیار ہے۔ نان کے ساتھ یا روکھا بھی کھانے کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔

بیف پلاؤ

اجزاء: گوشت ایک کلو، پیاز دو عدد، ٹماٹر آدھا کلو، ادرک/لہسن پیسٹ دو کھانے کے چمچ، تیل ایک کپ، ثابت گرم مسالا چار کھانے کے چمچ، دہی آدھا کپ، چاول ایک کلو (پکانے سے ایک گھنٹہ پہلے اچھی طرح دھو کر، بھگو کے رکھ دیں) نمک حسبِ ضرورت، پانی دو کلو۔

ترکیب: سب سے پہلے دیگچی میں تیل گرم کریں۔ اب اس میں پیاز، ادرک اور لہسن فرائی کر کے گوشت ڈال دیں۔ اچھی طرح بُھوننے کے بعد دہی اورٹماٹر ڈال کر کُکّر میں ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ گل جائے۔ 

جب گوشت کا پانی خُشک ہوجائے اور گوشت گَل جائے، تو تھوڑی دیر بُھون لیں۔ پھر اس میں ثابت گرم مسالا اور نمک شامل کریں، پھر چار گلاس پانی ڈالیں اور اُبال آنے کا انتظار کریں۔ 

اس کے بعد بھیگے ہوئے چاول ڈالیں اور پکنے دیں۔ جب پانی خُشک ہو نے لگے اور چاول قدرے نرم ہوجائیں، تو اوپر سے ہری مرچیں کاٹ کےڈالیں اور دَم پہ رکھ دیں۔ دس منٹ دَم دینے کے بعد ڈھکن کھولیں اور ہلکے ہاتھ سے چاول ہِلا کے ڈِش میں نکال لیں۔ سلاد، ہری چٹنی، دہی کے رائتےکے ساتھ سرو کریں۔

شامی کباب

اجزاء: قیمہ پانچ سو گرام، پیاز دو سے تین عدد (چار ٹکڑوں میں کٹی ہوئی) لہسن کے جوے آٹھ سے دس عدد، ادرک تھوڑی سی، ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ، ثابت گول مرچ دس عدد، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، چنے کی دال (بھگوئی ہوئی) ایک پیالا، کٹی ہوئی ہری مرچیں تین سے چار عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹاہوا) آدھی گڈی، پیاز چوپ کی ہوئی ایک عدد، انڈا ایک عدد، ڈبل روٹی کے دو سلائسز، تیل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب: کُکر میں قیمہ، کٹی ہوئی پیاز، لہسن کے جوے، ثابت گول مرچ، گرم مسالا، ثابت دھنیا، نمک اور بھیگی ہوئی چنےکی دال اور اتنا پانی ڈالیں کہ سب مسالے ڈوب جائیں۔

اِس کے بعد ککر بند کر کے 15 سے 20 منٹ تک پکنے دیں، جب تک کہ پانی خشک نہ ہو جائے۔ خشک ہونے پر کباب کا مسالا تیار ہے۔ مسالے کو ٹھنڈا کرنے کے بعد اچھی طرح سل یا گرائنڈر میں پیس لیں۔

اب کبابوں کے تیار آمیزے میں ہرادھنیا، کٹی ہوئی ہری مرچیں، چوپ کی ہوئی پیاز، انڈا اور ڈبل روٹی کے سلائسز اچھی طرح مکس کر دیں۔ ہاتھوں پر تھوڑا سا تیل یا پانی لگائیں اور تھوڑا تھوڑا مسالا لے کر کبابوں کی شیپ دیتی چلی جائیں۔ ایک فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل گرم کریں اور ایک کے بعد ایک کباب ڈال کر سُنہری ہونے تک فرائی کرلیں۔ 

لیجیے، مزےدار شامی کباب تیار ہیں۔ کسی بھی طرح کی چٹنی یا کیچ اپ کے ساتھ پیش کریں، جب کہ یہ کباب، پلاؤ کے ساتھ بھی خُوب مزہ دیتے ہیں۔