تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ اوپل سچاتا چوانگسری نے 72ویں مس ورلڈ 2025ء کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
بین الاقوامی مقابلۂ حسن کا انعقاد بھارت کے جنوبی شہر حیدرآباد میں ہوا، جس میں دنیا بھر کی 108 حسیناؤں نے حصہ لیا۔
اوپل چوانگسری کو گزشتہ سال کی مس ورلڈ، چیک ریپبلک کی کرسٹینا پشکوا نے تاج پہنایا، مقابلے کی پہلی رنر اپ ایتھوپیا کی ہاسٹ دیرجے ادامسو رہیں، جبکہ پولینڈ کی ماجا کلائیڈا اور مارٹینیک کی اوریلی جوآچم بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں۔
اوپل سیاسیات کی طالبہ اور Opal for Her نامی سماجی مہم کی بانی ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ لمحہ صرف میری ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ہر اُس لڑکی کا خواب ہے جو دنیا میں آواز بلند کرنا چاہتی ہے اور تبدیلی لانا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مس ورلڈ کے عالمی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے اپنی مہم کو دنیا بھر میں وسعت دیں گی۔
واضح رہے کہ Opal for Her ایک ایسا فلاحی منصوبہ ہے جو چھاتی کے سرطان سے متاثرہ خواتین کے لیے شعور اجاگر کرنے اور ان کی مدد فراہم کرنے پر کام کر رہا ہے۔